کے سی آر کی خصوصی بس کی پولیس نے تلاشی لی‘ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت سوریہ پیٹ میں قافلہ کو روکا گیا

   

حیدرآباد۔/31 مارچ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو دورہ کے موقع پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ چندر شیکھر راؤ کسانوں کی فصلوں کو نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے تین اضلاع کے دورہ پر تھے۔ وہ جیسے ہی سوریہ پیٹ ضلع میں داخل ہوئے پولیس نے ایڈولہ پری تانڈہ چیک پوسٹ پر ان کی خصوصی بس کو روک دیا۔ پولیس اور نیم فوجی دستے کے عہدیداروں نے بس کی مکمل تلاشی لی اور بس میں موجود قائدین کے بارے میں استفسار کیا۔ الیکشن کمیشن کی نمائندہ خاتون عہدیدار نے بس کے معائنہ کی نگرانی کی۔ عہدیداروں نے بس میں موجود تمام سامان حتیٰ کہ اشیائے خورد و نوش کا بھی معائنہ کیا۔ معائنہ کے موقع پر بی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ بس میں ہی موجود رہے اور تلاشی مہم کے دوران حکام سے مکمل تعاون کیا۔ اس موقع پر سوریہ پیٹ میں چیک پوسٹ پر عوام کی کثیر تعداد جمع ہوگئی اور کے سی آر کے حق میں نعرے لگائے۔ قافلہ میں موجود دیگر گاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات کے دوران بھی پولیس نے اسوقت کے چیف منسٹر کے سی آر کی خصوصی بس کی تلاشی لی تھی۔ واضح رہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت ریاست بھر میں تلاشی مہم جاری ہے۔چندر شیکھر راؤ فصلوں کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے آج اضلاع کے دورہ پر روانہ ہوئے تھے ۔ انہوں نے اپنے دورہ کے موقع پر کچھ کسانوں سے بات چیت بھی کی ۔ 1