کے سی آر وفاقی اتحاد بنانے کے خواب کو پورا کرنے کوشاں

   

شہریت ترمیمی قانون کیخلاف ہم خیال چیف منسٹروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش

حیدرآباد 25 جنوری (سیاست نیوز) مرکز میں اہم رول ادا کرنے کی خواہش کے ساتھ چیف منسٹر تلنگانہ نے وفاقی محاذ بنانے کی کوشش کی تھی جو ناکام رہی۔ لیکن اب شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف ہم خیال چیف منسٹروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کرتے ہوئے وفاقی محاذ بنانے کے اپنے خواب کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ سی اے اے کیخلاف قرارداد منظور کرنے امکان غالب ہے کہ فروری کے وسط میں تلنگانہ اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ اِس کے بعد دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس سے مشاورت کرتے ہوئے وفاقی محاذ کو قطعیت دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی ملک بھر میں اپنی بنیادیں کمزور کررہی ہے۔ ملک کے عوام آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو مسترد کردیں گے اور مجھے پورا یقین ہے کہ مرکز میں وفاقی حکومت تشکیل پائے گی۔ آئندہ عام انتخابات کے بعد کانگریس اور بی جے پی بُری طرح ناکام ہوجائیں گی۔ علاقائی پارٹیوں کو بہتر مظاہرہ کا موقع ملے گا۔ وفاقی محاذ ہی ملک کے لئے بہتر ثابت ہوگا۔ کے چندرشیکھر راؤ نے اِس سے قبل وفاقی محاذ بنانے کے لئے ملک کی مختلف ریاستوں کے چیف منسٹروں سے ملاقات کی کوشش کی تھی۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی، چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائک اور دیگر کے ساتھ ملکر اُنھوں نے وفاقی محاذ کا خواب دیکھا تھا۔ لیکن ممتا بنرجی نے وفاقی محاذ کے نظریہ کو قطعیت دینے میں کے سی آر کا تعاون نہیں کیا لیکن اب سی اے اے کیخلاف مغربی بنگال کی حکومت نے قرارداد منظور کی ہے۔ راجستھان میں بھی قرارداد منظور کی گئی ہے۔ کیرالا، پنجاب کی حکومتوں نے سی اے اے کو مسترد کردیا ہے۔ ایسے میں چندرشیکھر راؤ نے بھی تلنگانہ اسمبلی میں قرارداد منظور کرنے کا اعلان کیا۔ اِس طرح وفاقی محاذ بنانے کے لئے راہ ہموار کی جارہی ہے۔