کے سی آر کے اشتعال کے نتیجہ میں تحصیلدار وجیا ریڈی کا قتل

   

ریونیو عہدیداروں کو تحفظ فراہم کرنے کا مشورہ، ہنمنت رائو کا بیان
حیدرآباد۔ 7 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے الزام عائد کیا کہ ریونیو ملازمین کے خلاف چیف منسٹر کے سی آر کے اشتعال انگیز بیانات کے نتیجہ میں تحصیلدار وجیا ریڈی کے قتل کا واقعہ پیش آیا۔ ہنمنت رائو نے آج عبداللہ پورمٹ تحصیل آفس پہنچ کر وجیا ریڈی کی تصویر پر پھول نچھاور کئے۔ انہوں نے واقعہ کی مذمت کی اور سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور ان کے فرزند نے ایک سے زائد مرتبہ ریونیو ملازمین کے خلاف بیانات دیئے ہیں۔ رشوت کا مطالبہ کرنے پر عوام کو حملہ کرنے کی ترغیب دی گئی۔ اس طرح کے اشتعال انگیز بیانات سے غیر سماجی عناصر کے حوصلے بلند ہوچکے ہیں۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ وجیا ریڈی کے قتل کی سی بی آئی تحقیقات کے ذریعہ پس پردہ سازش کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ اراضی کے تنازعات میں برسر اقتدار پارٹی کے قائدین کے نام منظر عام پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون عہدیداروں کو دن دہاڑے قتل کرنا درپردہ گہری سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے ریونیو عہدیداروں کو سکیوریٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت کو قدم اٹھانے چاہئیں۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ اراضیات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ تنازعات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔