حملے میں زخمی کارکن کو دلاسہ دیا، نتائج کے اندرون 4 گھنٹے غنڈہ گردی کرنے کا الزام
حیدرآباد ۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے آج جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں شکست سے دوچار ہوجانے والی بی آر ایس کی امیدوارہ ایم سنیتا گوپی ناتھ کی قیامگاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ کانگریس قائدین کے حملے میں زخمی ہونے والے پارٹی کارکن راکیش سے ملاقات کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ نتائج کے 24 گھنٹوں سے قبل کانگریس پارٹی نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں غنڈہ گردی شروع کردی ہے۔ رحمت نگر میں بی آر ایس کے کارکن راکیش کو کانگریس کے قائدین نے حملہ کرتے ہوئے زخمی کردیا ہے۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دورحکومت میں بی آر ایس نے اسمبلی انتخابات، ضمنی انتخابات اور مقامی اداروں کے انتخابات میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں مگر کبھی سیاسی انتقام نہیں لیا ہے اور نہ ہی کبھی کسی کے خلاف حملے کئے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انتخابات میں ہار جیت عام بات ہے مگر سیاسی انتقام کیلئے جمہوریت میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ بی آر ایس پارٹی کانگریس کی غنڈہ گردی کی سخت مذمت کرتی ہے اور سنبھل جانے کا کانگریس پارٹی کو مشورہ دیتی ہے۔ بی آر ایس کو جوبلی ہلز میں شکست ہوئی ہے مگر حوصلے پست نہیں ہوئے۔ پارٹی ہر کارکن کی مکمل حفاظت کرے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے جوبلی ہلز میں سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کیا۔ بوگس رائے دہی، غنڈہ گردی کی ہے اور پیسے تقسیم کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بی آر ایس کو اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں 80 ہزار ووٹ ملے تھے اس مرتبہ 75 ہزار ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے سازشیں، ریگنگ کرنے کے باوجود بی آر ایس کے صرف 5 ہزار ووٹ کم ہوئے ہیں۔ مستقبل میں بی آر ایس دوبارہ جوبلی ہلز کو کانگریس سے چھین لے گی۔ کے ٹی آر نے بی آر ایس کی امیدوارہ سنیتا کی قیامگاہ پہنچ کر ان کے علاوہ ان کے بچوں سے ملاقات کی اور کہا کہ پارٹی ہمیشہ ان کے ارکان خاندان کے ساتھ کھڑے رہنے کا دلاسہ دیا اور کہا کہ انتخابات میں کامیابی اور شکست عام بات ہے اس سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔2
