کے ٹی آر کا خود ساختہ پرسنل سکریٹری گرفتار

   

حیدرآباد۔ ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کے خود ساختہ پرسنل سکریٹری 25 سالہ بی ناگراجو کو پولیس نے گرفتار کرلیاجو سابق رانجی کھلاڑی بتایا گیا ہے۔ آسان طریقہ سے پیسہ کمانے کی خاطر ناگراجو خود کو کے ٹی آر کا پرسنل سکریٹری تروپتی ظاہر کررہا تھا۔ کے ٹی آر کی بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری کو یقینی بتاکر سجاوٹ اور اشتہارات کیلئے اس نے بڑے کارپوریٹ اداروں، رئیل اسٹیٹ تاجروں ، تعلیمی اداروں اور ہاسپلٹس کو نشانہ بنایا۔ انٹرنیٹ سے ان کے نمبرات حاصل کرنے کے بعد وہ ان سے رابطہ قائم کرتا تھا اور کے ٹی آر کی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری پر رقمی مطالبہ کررہا تھا۔ احلف برداری کا مقام ایل بی اسٹیڈیم بتاکر سجاوٹ اور اشتہارات کیلئے اس نے جملہ 39 لاکھ 22 ہزار 400 روپئے وصول کرلئے تھے۔ پولیس نے 10 لاکھ روپئے نقد رقم، ایک سیل فون کو ضبط کرلیا۔
ناگراجو سابق میں 10 معاملات اور حالیہ دنوں 9 مقدمات میں ملوث بتایا گیا ہے۔ آندھرا پردیش میں سال 2014 تا 2016 بحیثیت رانجی کھلاڑی رہا اور اس طرح کی دھوکہ دہی کے معاملات میں ملوث ہوگیا۔