منریگا اسکیم کی برخاستگی کے خلاف ہنمنت راؤ کی بھوک ہڑتال، مخالف غریب اقدامات پر تنقید
حیدرآباد 20 جنوری (سیاست نیوز) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ طارق انور نے الزام عائد کیاکہ مرکز کی نریندر مودی حکومت گاندھی اور نہرو کی وراثت کو ختم کرنے کی سازش کررہی ہے۔ اسی منصوبہ کے تحت دیہی ضمانت روزگار اسکیم منریگا کو ختم کردیا گیا اور نئی اسکیم متعارف کی گئی۔ طارق انور نے آج باپو گھاٹ لنگر حوض پر سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کی جانب سے بھوک ہڑتال اور احتجاج میں حصہ لیا اور ہنمنت راؤ کو جوس پیش کرتے ہوئے بھوک ہڑتال ختم کی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے منریگا اسکیم کی برخاستگی کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاج کی اپیل کی ہے۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طارق انور نے کہاکہ دیہی علاقوں کے غریبوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے یو پی اے حکومت نے منفرد اسکیم متعارف کی تھی جس سے لاکھوں دیہی لیبر کو فائدہ ہوا۔ اُنھوں نے کہاکہ 2014ء میں برسر اقتدار آنے کے بعد سے ہی وزیراعظم نریندر مودی منریگا کے خلاف اظہار خیال کررہے تھے۔ 2014ء میں پارلیمنٹ میں صدرجمہوریہ کے خطبہ پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے نریندر مودی نے کہا تھا کہ منریگا اسکیم کانگریس کی ناکامی کی ایک نشانی ہے۔ اُنھوں نے اُسی وقت اسکیم کی برخاستگی کا اشارہ دیا تھا۔ طارق انور نے کہاکہ بی جے پی کو مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو اور دیگر مجاہدین آزادی کی وراثت سے تکلیف ہے۔ حکومت نے ابتداء میں اسکیم کے بجٹ میں کمی کی اور مزدوروں کو رقم کی ادائیگی روک دی گئی۔ طارق انور نے کہاکہ منریگا اسکیم کی برخاستگی سے لاکھوں دیہی مزدور معاشی مسائل کا شکار ہوچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ گاندھی جی نے ہمیشہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ کا پیام دیا جو بی جے پی کو پسند نہیں ہے۔ ملک بھر میں مہاتما گاندھی کے نظریات کو کمزور کرنے کے لئے مرکزی حکومت کام کررہی ہے۔ اُنھوں نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے قائدین کو احتجاجی پروگرام منظم کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ اِس موقع پر نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی افسر یوسف زئی ایڈوکیٹ، صدر خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی ایم روہت، صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی خالد سیف اللہ، سینئر قائد فخرالدین، راجیش اگروال اور دوسرے موجود تھے۔1