کامیاب طلبہ میں انعامات کی تقسیم
ریاض (کے این واصف ) :تعلیم کے میدان میں ہندوستانی طلباء کی رہنمائی کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرنے والے انڈین فورم فار ایجوکیشن
(IFE)
نے گاندھی جینتی کوئز
(Quiz)
اور مضمون نگاری کے مقابلوں میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے والے طلباء کیلئے تقسیم انعامات تقریب کا اہتمام کیا۔مہمان خصوصی صاحب خیر حفظان احمد ہاشمی تھے۔ محفل کا آغاز عبیرہ دلشاد کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ فورم کے بانی و صدر ڈاکٹر دلشاد احمد نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مہاتما گاندھی دنیا کیلئے انسان دوستی اور عدم تشدد کی علامت ہیں۔ ابتداء میں فورم کے رکن اور معروف سماجی کارکن سلمان خالد نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ اس
Quiz
اور مضمون نگاری کے مقابلوں میں مملکت کے مختلف اسکولس کے 613 طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ سینئر اور جونیر گروپ سے 6 امتیازی مقام حاصل کرنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ آخر میں انجینئر فرحان ہاشمی نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ اس طرح کے مقابلوں میں طلباء کو حصہ لیتے رہنا چاہئے۔ اس سے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ ان کی شخصیت سازی میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔