نرسنگھ پور: مدھیہ پردیش کے نرسنگھ پورضلع میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے والے مبینہ طورپرراوی ترون مراری نے معافی مانگتے ہوئے ویڈیو جاری کیا ہے ۔ اس ویڈیو میں ترون مراری نے کہا کہ بابائے قوم کے بارے میں ان سے کچھ باتیں جذبات یا کسی وجہ سے نکل گئی ہیں۔اس سے کئی لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے ۔وہ اس کے لئے معافی مانگتے ہیں۔ اس سے پہلے اتوار کو نرسنگھ پور ضلع ہیڈکوارٹر کے پاس منعقد کہانی کی تقریب میں ترون مراری نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے سلسلے میں بے حد قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا اور ان کا اس سلسلے میں ویڈیو بھی وائرل ہوا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے یہاں پیر کو ان کے خلاف معاملہ درج کرلیا۔ معاملے کے طول پکڑتے ہی اب وہ دفاع کرنی کی پوزیشن میں آگئے ہیں۔ پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالانکہ اس معاملے میں قانون اپنا کام کرے گا۔ معاملہ درج کرکے جانچ میں لیا گیا ہے اور ضروری رسومات پوری کی جائیں گی۔