گاندھی خاندان کے خلاف ریاستی وزیر سرینواس یادو کے بیان کی مذمت

   

عوام سے معذرت خواہی کا مطالبہ، کانگریس قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/9 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے گاندھی خاندان کے خلاف وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو کے بیانات پر سخت احتجاج کیا اور سرینواس یادو کے خلاف کارروائی کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا۔ مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ، نائب صدر ڈاکٹر ملو روی، صدر خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی روہن ریڈی، جنرل سکریٹری آل انڈیا یوتھ کانگریس انیل یادو، این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ اور میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں کل پرینکا گاندھی کے جلسہ عام کی کامیابی سے بی آر ایس قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ جلسہ عام کی کامیابی کیلئے کانگریس قائدین نے طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں سے اظہار تشکر کیا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ سرینواس یادو جاننا چاہتے ہیں کہ کانگریس نے 40 برسوں میں تلنگانہ اور ملک کیلئے کیا خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گٹکھا کھاکر پان ڈبوں کے پاس رہنے والے سرینواس یادو تاریخ سے واقف نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ جاننے کیلئے تعلیم ضروری ہے۔ ملک کیلئے پنڈت جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی خدمات سے ساری دنیا واقف ہے۔ حیدرآباد کی ترقی کانگریس دور حکومت کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ ملک میں قومی سطح کے اداروں کا قیام کانگریس دور میں ہوا۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ کانگریس یوتھ ڈیکلریشن کا نوجوانوں کی جانب سے استقبال کیا جارہا ہے۔ انیل یادو نے کہا کہ گاندھی خاندان کے خلاف اظہار خیال کرنے والوں کو سبق سکھایا جائے گا۔ بی وینکٹ نے کہا کہ سرینواس یادو نے تلنگانہ تحریک میں حصہ نہیں لیا اور تلنگانہ کے غداروں کو کے سی آر نے وزارت میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایس یو آئی کے کارکن سرینواس یادو کا جگہ جگہ گھیراؤ کریں گے۔ سرینواس یادو سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنا بیان واپس لیں اور عوام سے معذرت خواہی کریں۔ر