صحافی کی موت کے بعد متوفی کے نام وارڈ قائم سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل ڈاکٹر راجہ راؤ کا اعلان
حیدرآباد۔10جون(سیاست نیوز) کورونا وائرس کے علاج کے دوران گاندھی ہاسپٹل میں فوت ہونے والی جواں سال صحافی منوج کے نام سے گاندھی ہاسپٹل میں وارڈ مختص کرنے کا سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل ڈاکٹر راجہ راؤ نے اعلان کیا ہے ۔گاندھی ہاسپٹل میں صحافی منوج کے نام سے موسوم کئے جانے والے اس وارڈ کو صحافیوں کے علاج کیلئے مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن صحافی منوج نے گاندھی ہاسپٹل میں دوران علاج ناقص سہولتوں اور آئی سی یو میں بھی علاج پر توجہ نہ دیئے جانے کی شکایات کے علاوہ دواخانہ کی صورتحال کے متعلق ویڈیو جاری کئے تھے۔منوج کی کورونا وائرس سے موت کے بعد صحافتی برادری میں پائی جانے والی ناراضگی کو دور کرنے کیلئے گاندھی ہاسپٹل کے انتظامیہ کی جانب سے صحافیوں کے لئے علحدہ وارڈ کی تخصیص کا فیصلہ کیا ہے ۔منوج نے دوران علاج اپنے ساتھی صحافیوں سے واٹس اپ پر بات چیت کے دوران دواخانہ کی صورتحال اور طبی عملہ کے علاوہ ڈاکٹرس کی لاپرواہی کے متعلق واقف کروایا تھا لیکن اس کے باوجود بھی ان کی شکایت کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔منوج کے افراد خاندان نے بھی گاندھی ہاسپٹل انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ اگر بروقت انہیں بہتر علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا تو منوج کی جان بچائی جاسکتی تھی لیکن اس سلسلہ میں محکمہ صحت خاموش ہے۔