حیدرآباد۔28جولائی (سیاست نیوز) گاندھی ہاسپٹل میں 3اگسٹ سے غیر کورونا وائرس مریضوں کے لئے علاج کی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں احکام جاری کئے جاچکے ہیں اور اس سلسلہ میں سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل ڈاکٹر راجہ راؤ نے طبی عملہ اور دواخانہ میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس سے تبادلۂ خیال کے علاوہ کورونا وائرس کے متاثرین کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔انہو ںنے جاری کئے گئے احکامات میں واضح کیا کہ گاندھی ہاسپٹل میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لئے خصوصی وارڈس برقرار رہیں گے اور ان کے علاج و معالجہ کی نگرانی کرنے والے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو علحدہ رکھا جائے گا۔گاندھی ہاسپٹل انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق 3 اگسٹ سے گاندھی ہاسپٹل میں غیر کورونا وائرس مریضوں کے علاج کی جو سہولت فراہم کی جائے گی اس کیلئے 60 فیصد ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو مختص کیا گیا ہے جبکہ کورونا وائرس وارڈس میں خدمات انجام دینے کے لئے 40 فیصد عملہ کی تخصیص عمل میں لائی گئی ہے اور دواخانہ کا 40 فیصد حصہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مخصوص رکھا جائے گا۔ڈاکٹر راجہ راؤنے بتایا کہ کورونا وائرس کے مخصوص طبی عملہ اور ڈاکٹرس کے علاوہ مریضوں کے لئے علحدہ راہداریوں کو مختص کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ کورونا وائر س کے متاثرین کو دیگر مریضوں اور ان کے رشتہ داروں سے علحدہ رکھا جاسکے ۔کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران ہی ریاستی حکومت تلنگانہ کی جانب سے گاندھی ہاسپٹل کو کورونا وائرس کے لئے مخصوص دواخانہ بناتے ہوئے غیر کورونا وائرس مریضوں کے دیگر دواخانوں میں علاج کے اقدامات کئے جارہے تھے لیکن پہلی لہر کے اختتام کے بعد گاندھی ہاسپٹل کی تمام خدمات کو بحال کردیا گیا تھالیکن دوسری لہر کے دوران دوبارہ گاندھی ہاسپٹل کو رونا وائرس کے لئے مخصوص کرنے کے اقدامات کئے گئے اور اب تک بھی دواخانہ میں صرف کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج جاری ہے ۔ڈاکٹر راجہ راؤ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لئے گاندھی ہاسپٹل کی خدمات کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن اب ساتھ میں دیگر مریضوں کے علاج و معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔