گجرات اسمبلی میں ’یونیفارم سیول کوڈ‘ بل منظور

   

احمدآباد ۔25 مارچ (ایجنسیز) گجرات اسمبلی نے یونیفارم سیول کوڈ سے متعلق بل 2026 منظور کر لیا، جس کے تحت شادی، طلاق، وراثت اور لیو اِن ریلیشن شپ جیسے معاملات کے لیے مذہب سے بالاتر ایک مشترکہ قانونی فریم ورک متعارف کرایا گیا ہے۔اس بل کو باضابطہ طور پر ’گجرات یونیفارم سیول کوڈ 2026‘ کا نام دیا گیا ہے اور یہ ریاست بھر میں نافذ ہوگا۔ یہ قانون گجرات کے ان شہریوں پر بھی لاگو ہوگا جو ریاست کی حدود سے باہر رہتے ہیں۔تاہم، یہ قانون شیڈولڈ ٹرائبز (قبائل) اور دیگر بعض طبقات پر لاگو نہیں ہوگا جن کے روایتی حقوق آئین کے تحت محفوظ ہیں۔یہ بل اسمبلی میں اکثریتی ووٹ سے منظور کیا گیا، جبکہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسے مزید غور و خوض کے لیے اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے حوالے کیا جائے۔

شہریوں کیلئے یکساں قانون
بی جے پی کی ترجیح:امیت شاہ
نئی دہلی/25مارچ (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجیح رہی ہے کہ ملک خوشامد (ایپیزمنٹ) کی بنیاد پر نہیں، بلکہ تمام شہریوں کے لیے یکساں قانون کے تحت چلے ۔گجرات اسمبلی میں یکساں سول کوڈ بل منظور ہونے پر امیت شاہ نے یہ بات کہی۔ آج سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں امیت شاہ نے کہا، “ملک میں ہر شہری کے لیے ایک جیسا قانون ہو، یہ بی جے پی کے قیام سے ہی ہمارا عزم رہا ہے ۔ مودی جی کی قیادت میں بی جے پی کی ریاستی حکومتیں اس سمت میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ اتراکھنڈ کے بعد اب گجرات نے بھی یکساں سول کوڈ بل منظور کرنے کا تاریخی کام کر کے اپنی عہد بستگی ظاہر کی ہے ۔ اس کے لیے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور اس بل کی حمایت کرنے والے تمام اراکین اسمبلی کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک خوشامد کی بنیاد پر نہیں، بلکہ تمام شہریوں کے لیے یکساں قانون سے چلے ، یہ ہماری ترجیح بھی ہے اور عزم بھی۔قابل ذکر ہے کہ گجرات اسمبلی نے گجرات یکساں سول کوڈ بل 2026′ منظور کیاہے ۔
جس سے ریاست میں تمام مذاہب کے لیے شادی، طلاق، جائیداد اورشادی کے بغیر ساتھ رہنے کے لیے یکساں قانون بن گیا ہے ۔ گجرات، اتراکھنڈ کے بعد یہ بل منظور کرنے والی دوسری ریاست بن گئی ہے ۔