سورت: سورت کے سچن انڈسٹریل ایریا میں آج ممکنہ طور پر ایک کیمیکل ٹینکر سے نالے میں بہائے جانے والے کیمیکل کی وجہ سے مشتبہ طور پر زہریلی گیس پھیلنے سے کم از کم چھ مزدوروں کی موت اور 19 دیگر بیمار ہو گئے ہیں۔ پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ساڑی اور کپڑوں پر پرنٹنگ کرنے والی وشو پریم ڈائینگ اینڈ پرنٹنگ مل کی فیکٹری کے قریب صبح سویرے یہ واقعہ پیش آیا۔پولیس صبح تقریباً 4.15 بجے اطلاع ملنے پر وہ فیکٹری کے قریب پہنچی جہاں 25 مزدور گیس سے متاثر پائے گئے۔ یہ سب فیکٹری کے گراؤنڈ فلور پر کام کر رہے تھے۔ انہیں فوری طور پر سول اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران ایک خاتون سمیت چھ لوگوں نے دم توڑ دیا۔
زہریلی گیس اخراج سے اموات پر راہول کا اظہار غم
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے سورت میں زہریلی گیس کے رساؤ کے واقعہ پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔راہول گاندھی نے ٹویٹ کیاکہ ان لوگوں کے ساتھ تعزیت جن کے پیارے سورت میں گیس لیک ہونے کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ میں دوسرے متاثرین کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں۔ مستقبل میں ایسے حادثات کو روکنے کے لیے مناسب تحقیقات ہونی چاہیے ۔اس کے ساتھ انہوں نے ایک خبر بھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گجرات کے سورت میں زہریلی گیس کے رساؤکے واقعہ میں چھ افراد کی موت ہو گئی اور 20 سے زیادہ دیگر افراد کو دواخانوںمیں داخل کرایا گیا ہے ۔