گذشتہ 5 برسوں میں ملک میں628 شیروں کی اموات

   

شیروں کے حملوں میںہلاک افراد کی تعداد 349 ۔ راجیہ سبھا میں اعداد و شمار پیش

حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) ملک میں گذشتہ 5برسوں کے دوران 628 شیروں کی اموات واقع ہوئی ہیں جبکہ اس مدت میں شیر کے حملہ میں جملہ 349افراد ہلاک ہوئے ہیں۔حکومت کی جانب سے راجیہ سبھا میں پیش اعداد وشمار کے مطابق ملک میں فی الحال 78ہزار735مربع کیلو میٹر پر 55 ٹائیگر ریزروس موجود ہیں اور ان میں 3682 شیر موجود ہیں۔2019 سے 2023کے درمیان ملک میں جو شیروں کی اموات ہوئی ہیںان میں مختلف ریاستوں میں ٹائیگر ریزروس میں ہوئی اموات شامل ہیں۔نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھاریٹی سے فراہم تفصیلات میں کہا گیا کہ سال 2019 میں96 شیروں کی اموات واقع ہوئی ہیں جبکہ سال 2020 میں106 شیر ہلاک ہوئے ہیں۔سال 2021 میں جملہ 127 شیر فوت ہوئے ہیں اور سال 2022 کے دوران 121 شیروں کی اموات ہوئیں۔اسی طرح سال 2023 میں جملہ 178 شیروں کی اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔مرکزی مملکتی وزیر برائے ماحولیات کیرتی وردھن سنگھ کے بیان میں کہاگیا کہ شیروں کی اموات کی مختلف وجوہات ہیں جن میں ان کی صحت کے علاوہ ان کے شکار بھی شامل ہیں۔ملک میں شیروں کے حملہ میں ہلاک ہونے والے انسانوں کی تفصیلات سے راجیہ سبھا کو واقف کرواتے ہوئے مرکزی مملکتی وزیر نے کہا کہ 2019 میں 49‘2020 میں 49‘2021 میں 59‘ 2022میں 110اور 2023 میں 82 افراد ہلاک ہوئے ۔انہو ںنے بتایا کہ اترپردیش میں 59 اور مدھیہ پردیش میں 27 افراد کی ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ اس مدت میں مہاراشٹرا میں شیر کے حملہ میں فوت افراد کی سب سے زیادہ تعداد 200 ریکارڈ کی گئی ہے۔3