حکومتوں کے فنڈز کی عدم اجرائی سے مشکلات ، مکانات ٹیکس کی وصولی کی تیاری
یلاریڈی /18 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گرام پنچایتیں معاشی بدحالی سے دم توڑ رہی ہیں ۔ ریاست اور مرکز سے مختلف طریقوںسے جاری کیا جانے والا فنڈ منظور نہ ہونے پر ٹراکٹروں کو چلانے کے ساتھ ساتھ صاف صفائی کے کام پنچایت عملہ کی تنخواہیں ادا کرنے کیلئے مشکلات کا سامنا ہے ۔ حکومتیں گرام پنچایتوں کو آبادی کے تناسب سے فنڈ منظور کرتی ہے ۔ لیکن پنچایت باڈی کی معیاد مکمل ہونے سے نئی باڈی نہ بننے سے مرکزی فنڈ نہیں مل رہا ہے ۔ اور ریاستی حکومت اطمینان بخش فنڈ جاری نہ کرنے سے پنچایتوں میں مسائل کے انبار ہو رہے ہیں۔ ایسے میں ان مسائل سے نجات کی صورت صرف اور صرف مکانات کے محصولات ہی واحد راستہ رہ گیا ہے ۔ صد فی صد وصول کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ جس میں سے صرف دو کروڑ 53 لاکھ روپئے وصول کیا گیا اور مزید آٹھ کروڑ 47 لاکھ روپئے وصول کرنے ہیں ۔ اس کے علاوہ پنچایتوں کے سکریٹریز کو کئی طرح کے سروے کرنے کا کام لگایا جارہا ہے ۔ جس سے محصولات وصول کرنا محال ہوچکا ہے۔ فی الوقت خرید فصلوں کی رقم کسانوں کے کھاتوں میں جمع کردی گئی ۔ جس سے عہدیدار محصول کی وصولی کو لیکر متحرک ہوچکے ہیں اور گھر گھر جانے پنچایت سکریٹریز مکان محصول وصول کر رہے ہیں۔ صد فی صد محصولات وصولی ان کا اہم مقصد ہے ۔