2024 SEEPC ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلہ ، سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل
حیدرآباد ۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے گرام پنچایت انتخابات میں ریزرویشن سے متعلق اہم پیشرفت کرکے جی او 46 جاری کردیا جس کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد حکومت نے پنچایت راج تحفظات کیلئے خصوصی کمیشن تشکیل دیا ہے جو سماجی، اقتصادی، تعلیمی اور سیاسی بنیادوں پر جامع سروے (SEEPC 2024) کے اعدادوشمار کی روشنی میں ریزرویشن مختص کرے گا۔ سرپنچ ریزرویشن کیلئے 2011ء کی مردم شماری کے ساتھ SEEPC ڈیٹا استعمال سے اتفاق کیا گیا ۔ صدفیصد قبائلی (ST) دیہاتوں میں تمام وارڈس بشمول سرپنچس کے عہدے صرف ایس ٹی طبقات کیلئے محفوظ رہنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ مجموعی ریزرویشن 50 فیصد سے تجاوز نہیں کرے گا اور تحفظات کی نئی تقسیم SEEPC 2024 کے آبادی اعدادوشمار اور ڈیسکنگ پاپولیشن آرڈر کی بنیاد پر کی جائیگی۔ جی او کے مطابق BC، SC، ST و خواتین کیلئے تحفظات کو روٹیشنل بنیاد پر ہونگے تاکہ کوئی وارڈ یا گاؤں مسلسل ایک زمرے میں نہ رہے۔ حکومت نے واضح کیا ہیکہ جو وارڈ یا گاؤں پچھلے انتخابات میں ریزرو ہوئے تھے۔ انہیں دوبارہ اسی کیلئے ریزرو نہیں کیا جائے گا جس سے ریزرویشن میں توازن اور شفافیت برقرار رہے گا۔ مزید یہ کہ حکومت نے اعلان کیا ہیکہ 2019ء کے انتخابات میں جو ریزرویشن لاگو نہیں کئے گئے تھے انہیں اس مرتبہ جوں کے توں برقرار رکھتے ہوئے جی او جاری کیا گیا ہے۔ 2