3836 سر پنچ اور 27,960 وارڈ ممبرس کیلئے مقابلہ، الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل
حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست میں پہلے مرحلے کے گرام پنچایت انتخابات کیلئے انتخابی مہم منگل کو شام میں اختتام کو پہنچی۔ پہلے مرحلے کے تحت ریاست بھر کے 189 منڈلوں سے متعلق دیہاتوں میں جمعرات کو صبح 7 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائے دہی ہوگی۔ اس کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی کرتے ہوئے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ گرام پنچایت انتخابات میں سرپنچ عہدوں کے لئے اوسطاً 4 اور وارڈ ممبرس کیلئے اوسطاً 2 سے 3 امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی تفصیلات کے مطابق 4236 سرپنچوں کے انتخابات میں 295 سرپنچس بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ پانچ ایسے گاؤں ہیں جہاں ایک بھی پرچہ نامزدگی داخل نہیں ہوا جس کے نتیجہ میں 3836 سرپنچس اور 27,960 وارڈ ممبرس کے لئے 11 ڈسمبر کو صبح 7 بجے سے رائے دہی کا عمل شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ 9331 وارڈ ممبرس بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ 149 وارڈ کیلئے کسی نے بھی پرچہ نامزدگی داخل نہیں کی۔ پہلے مرحلے کے گرام پنچایت انتخابات کیلئے منگل کی شام کو انتخابی مہم اختتام کو پہنچی حکمران کانگریس اصل اپوزیشن بی آر ایس کے علاوہ بی جے پی کے قائدین نے اپنے حامی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائی جس میں ارکان اسمبلی اور دوسرے اہم قائدین نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ منگل کو تیسرے مرحلے کے گرام پنچایت انتخابات کیلئے بھی پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کا عمل مکمل ہوگیا۔ متحدہ ضلع محبوب نگر کے 1678 گرام پنچایتوں میں 124 گرام پنچایتوں کے انتخابات بلا مقابلہ ہوگئے۔ متحدہ ضلع میدک کے 242، متحدہ ضلع نلگنڈہ میں 173، متحدہ ضلع ورنگل میں 131، متحدہ ضلع نظام آباد میں 84، ضلع کھمم میں 63 گرام پنچایتوں کے انتخابات بلا مقابلہ ہوئے ہیں۔ 2
محبوب آباد رورل ناڈی واڈ گاؤں میں سرپنچ کا امیدوار 70 سالہ رائے پاٹی بچیا منگل کو قلب پر حملہ کے باعث فوت ہوگیا۔ ضلع سدی پیٹ چیریال منڈل میں واقع مشتیال موضع میں 9 ویں وارڈ کی امیدوار بی پدماکی 18 سالہ دختر شروینی نے گھر میں خودکشی کرلی۔ 2