گرفتار ارکان اسمبلی مترا اور چٹرجی بیمار،اسپتال میں شریک

   

ناردا اسٹنگ آپریشن کیس
کولکاتا: ناردا اسٹنگ آپریشن میں گرفتار ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی مدن مترااور سابق میئر شوبھن چٹرجی کی طبیعت خراب ہونے کے بعد کلکتہ کے ایک پرائیوٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان دونوں لیڈروں کو سانس میں تکلیف ہونے کے بعد حکومت کے زیر انتظام چلنے والے پرائیوٹ اسپتال ایس ایس کے ایم اسپتال لایا گیا ہے ۔جب کہ اس معاملے میں گرفتار ریاستی وزرا فرہاد حکیم اور سبرتو مکھرجی کو پریڈنسی جیل میں رکھا گیا ہے ۔سی بی آئی نے ان چاروں لیڈروں کو کل صبح اچانک گرفتار کرلیا تھا۔یہ گرفتاری ناردا اسٹنگ آپریشن معاملے میں ہوئی ہے ۔سی بی آئی پر الزام ہے کہ یہ گرفتاری پیشگی اطلاع دئیے بغیر کی گئی ہے ۔اس کے بعد کل دن بھر کلکتہ میں ہائی وولٹیج ڈراما ہوتا رہا۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سی بی آئی کے دفتر میں پہنچ گئیں اور سی بی آئی کے افسران کے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرکے دیکھیں ۔اس کے بعد ترنمول کانگریس کے سیکڑوں ورکروں نے سی بی آئی کے دفتر نظام پیالسکے باہرا حتجاج کیا۔اس درمیا ن مرکزی فورسیس اور ترنمول کانگریس کے حامیوں کے درمیان پتھر بازی بھی ہوئی مگر بعد میں حالات کنٹرول میں آگئے ۔اس کے علاوہ مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں سی بی آئی کے اس کارروائی کے خلاف احتجاج ومظاہرے ہوئے ۔بعد میں ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر ابھیشیک بنرجی نے پارٹی ورکروں سے اپیل کی کہ وہ احتجاج بند کردیں ۔ہم قانونی لڑائی لڑیں گے۔ قانون کے ذریعہ اس کا مقابلہ کیا جائے گا۔مغربی بنگال میں پندرہ دنوں کے لئے لاک ڈائون نافذ ہے ۔