کھمم کے 53 سالہ ٹیچر نے تاریخ رقم کی، دختر کوالیفائی نہ ہوسکی
حیدرآباد۔/9 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ I پریلمنری امتحانات میں ایک والد اور ان کے فرزند و دختر نے شرکت کی تھی اور مینس امتحانات کیلئے والد اور فرزند کوالیفائی قرار پائے ہیں۔ کھمم ضلع کے ہائی اسکول انگلش ٹیچر داسری روی کرن اور ان کے فرزند 25 سالہ مائیکل ایمانیول کو گروپ I مینس امتحانات کیلئے کوالیفائی قرار دیا گیا ۔ روی کرن ضلع پریشد ہائی اسکول جستی پلی ولیج میں انگلش ٹیچر کے تحت اسکول اسسٹنٹ ہیں۔ روی کرن نے کہا کہ انہوں نے اپنے فرزند اور دختر دیپتی کی حوصلہ افزائی کیلئے امتحان لکھا تھا۔ وہ نوجوانی میں گروپ I آفیسر بننے کا منصوبہ رکھتے تھے لیکن اس کی تکمیل عمر کے 53 ویں سال میں ہوئی ہے۔ مینس امتحانات میں کامیابی پر وہ ریوینیو ڈیویژنل آفیسر عہدہ پر خدمات انجام دینے تیار ہیں۔ 53 سالہ روی کرن کے پریلمس امتحانات میں شرکت کی اہلیت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ دراصل امتحانات میں شرکت کیلئے عمر کی حد 44 سال مقرر ہے جبکہ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی امیدواروں کو پانچ سال کی رعایت دی گئی ہے۔ ان کے علاوہ سرکاری ملازمین جنہوں نے سرویس کے پانچ سال مکمل کئے انہیں مزید پانچ سال رعایت دی گئی اور دونوں زمرہ جات میں داسری روی کرن اہل قرار پائے ہیں۔ باپ اور بیٹے کے کوالیفائی ہونے سے خاندان میں خوشی کی لہر ہے جبکہ ان کی دختر دیپتی کوالیفائی نہیں ہوپائی۔ یہ دونوں بی آر ایس حکومت کے گروپ I پریلمس میں بھی کوالیفائی ہوئے تھے لیکن وہ امتحان منسوخ کردیا گیا۔1