گرو تیغ بہادر کی یوم شہادت پر این ٹی آر اسٹیڈیم میں تقاریب

   

شبد کیرتن میں امریکہ، آسٹریلیا اور ہندوستان کے راگی جتھا کی شرکت
حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) سکھوں کے 9 ویں گروپ تیغ بہادر کی 350 ویں یوم شہادت کے سلسلہ میں حیدرآباد میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ سکھ برادری نے انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ تقاریب میں شرکت کی۔ ریاست کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے سکھ برادری کی کثیر تعداد نے این ٹی آر اسٹیڈیم میں منعقدہ وشال کیرتن دربار میں شرکت کی جس میں گرو گرنتھ صاحب جی کا پیام سنایا گیا۔ پربندھک کمیٹی گرودوارا صاحب سیتاپھل منڈی سکندرآباد نے تلنگانہ کے تمام گرودواروں کے اشتراک سے اس پروگرام کا اہتمام کیا تھا۔ بھائی اننت بیر سنگھ (امریکہ)، بھائی گردیو سنگھ جی (آسٹریلیا، گیانی شیر سنگھ جی (امبالا) اور ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے راگی جتھا کی جانب سے شبد کیرتن کا اہتمام کیا گیا جس میں سکھ گروؤں کی تعلیمات پیش کی گئیں۔ قومی یکجہتی، امن، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیام دیا گیا۔ کمیٹی کے ارکان نے گرو تیغ بہادر کی شہادت کو مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کے لئے عظیم قربانی قرار دیا۔ تقریب کے بعد روایتی گرو کا لنگر پیش کیا گیا۔ 1