عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کے خلاف مہم، سیکولر امیج برقرار رکھنے قائدین کو ہدایت
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات میں بی جے پی کے ایجنڈہ کو ناکام بنانے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئی حکمت عملی تیار کی ہے جس کے تحت مرکز کی جانب سے عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کے خلاف بڑے پیمانہ پر مہم کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈہ سے مقابلہ کیلئے انتخابی مہم میں سیکولر ایجنڈہ کو شدت کے ساتھ پیش کرتے ہوئے یہ تاثر دیا جائے گا کہ ٹی آر ایس سیکولر اصولوں پر گامزن ہے۔ چیف منسٹر نے انتخابی مہم میں شامل پارٹی قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈہ کی شدت سے مخالفت کریں اور عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے ورکرس اور لیبر طبقہ میں شعور بیدار کیا جائے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق گریٹر حیدرآباد میں بی جے پی ، ٹی آر ایس پر مجلس سے دوستی کا الزام عائد کرتے ہوئے ہندو رائے دہندوں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے خلاف کے سی آر نے پارٹی قائدین کو جوابی مہم چلانے کی ہدایت دی ہے۔ قائدین سے کہا گیا ہے کہ وہ انتخابی مہم کے دوران تمام مذاہب کے اہم مقامات کا دورہ کریں اور ان کی اہم شخصیتوں سے ملاقات کی جائے ۔ چیف منسٹر نے عوامی شعبہ کے اداروں بالخصوص ایل آئی سی ، ریلویز اور دیگر اداروں کے ورکرس اور ملازمین سے ربط قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزراء اور ارکان اسمبلی انتخابی مہم کے دوران شہر کے مضافاتی علاقوں میں واقع صنعتوں میں برسر روزگار ملازمین اور ورکرس سے ملاقات کریں گے۔ چیف منسٹر نے قومی اداروں کو خانگیانے کی کوششوں کے خلاف مہم میں ٹریڈ یونین تنظیموں کی تائید حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ چیف منسٹر نے ایل آئی سی ، ریلویز ، بی ایچ ای ایل اور دیگر اداروں کے ملازمین کو یقین دلایا ہے کہ وہ انتخابات کے بعد خانگیانے کی مخالفت میں قومی سطح پر مہم کا آغاز کریں گے ۔ مرکزی حکومت پر سرمایہ نکاسی روکنے کیلئے دباؤ بنایا جائے گا۔ حیدرآباد میں کئی عوامی شعبہ کے ادارے ہیں جن میں ہزاروں ملازمین اور ورکرس برسر روزگار ہیں۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں ان کے ووٹ کسی بھی پارٹی کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کریں گے۔