گریٹر حیدرآباد میں انڈر گراؤنڈ برقی کیبل کے کاموں کاعنقریب آغاز

   

تجربہ کار کمپنیوں سے تفصیلات طلب، منیجنگ ڈائرکٹر ڈسٹری بیوشن کارپوریشن مشرف فاروقی کی مساعی

حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں برقی لائنوں کو انڈر گراؤنڈ کیبل کے ذریعہ شہر کو برقی تاروں سے پاک بنانے کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے تلنگانہ پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کو ہدایت دی ہے کہ گریٹر حیدرآباد میں برقی کے انڈر گراؤنڈ کیبل کے کاموں کا جامع منصوبہ تیار کریں۔ صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن مشرف فاروقی نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں انڈر گراؤنڈ کیبل کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انڈر گراؤنڈ کیبل کے کاموں کی تکمیل کیلئے دلچسپی رکھنے والے اور اہلیت رکھنے والے اداروں سے تجاویز طلب کی جائیں گی تاکہ پراجکٹ پر موثر انداز میں عمل ہوسکے۔ زیر زمین کیبل کے نتیجہ میں عوام کو برقی شاک جیسے واقعات سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے اور برقی سربراہی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انڈر گراؤنڈ کیبل کے نتیجہ میں حیدرآباد عالمی شہروں کی فہرست میں شامل ہوگا۔ ایسی کمپنیاں جنہوں نے انڈر گراؤنڈ کیبل کا کام کامیابی کے ساتھ انجام دیا ہو وہ اپنی تفصیلات ڈسکام کی ویب سائیٹ tgsouthernpower.org پر روانہ کرسکتے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میں 33/11 سب اسٹیشنوں کی تعداد 498 ہے جبکہ 33KV انڈر گراؤنڈ کیبل کیلئے 1280 کلو میٹرس کا احاطہ کرنا ہوگا۔ گریٹر حیدرآباد میں برقی پولس کی تعداد 58271 بتائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حال ہی میں جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے محکمہ برقی کے عہدیداروں سے انڈر گراؤنڈ کیبل کا کام جلد شروع کرنے کی ہدایت دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ HAM پالیسی کے تحت پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی انڈر گراؤنڈ کیبل کے کاموں کی تکمیل کا منصوبہ بنارہی ہے۔ کاموں کا تجربہ رکھنے والے اور دلچسپی رکھنے والے اداروں کی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے ماہرین کی کمیٹی ان کا انتخاب کرے گی۔ کمپنیاں7 فروری تک اپنی تفصیلات ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کی ماہرین کی کمیٹی کو پیش کرسکتی ہیں۔ پراجکٹ پر عمل آوری سے حیدرآباد میں برقی تار سڑکوں پر دکھائی نہیں دیں گے۔1