گریٹر حیدرآباد کے نئے علاقوں میں کورونا کے کیس منظر عام پر

,

   

ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کیلئے نیا چیلنج، ماہرین کو کمیونٹی ٹرانسمیشن کا اندیشہ، عوام میں خوف و ہراس
حیدرآباد/30 مئی، ( سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی و تجارتی سرگرمیوں کی اجازت کے فوری بعد گریٹر حیدرآباد حدود میں کورونا کے کیسس میں اچانک اضافہ نہ صرف حکومت بلکہ محکمہ صحت کیلئے ایک چیلنج بن چکا ہے۔ ایک طرف مرکزی ادارہ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ نے گریٹر حیدرآباد کنٹینمنٹ علاقوں میں کورونا کا جائزہ لینے سروے کا آغاز کیا ہے تو دوسری طرف شہر کے مختلف نئے علاقوں میں کورونا کے کیس منظر عام پر آئے ہیں۔ گذشتہ چند دنوں کے دوران ایل بی نگر، چارمینار، ملک پیٹ، ضیاء گوڑہ زونس میں کورونا کے کیس منظر عام پر آئے تھے لیکن یہ وائرس اب شہر کے دیگر علاقوں میں پھیل رہا ہے۔ ونستھلی پورم، خیریت آباد، کونڈہ پور، شیر لنگم پلی، قطب اللہ پور، میاں پور، مادھا پور، شاہ پور نگر اور الوال میں کورونا کے نئے کیس منظر عام پر آئے۔ ابتدائی مرحلوں کے لاک ڈاؤن کے یہ دوران یہ علاقے کورونا سے محفوظ رہے لیکن تجارتی سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ یہاں کورونا کی علامات پائی جانی لگیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ضیاء گوڑہ ، ایل بی نگر و دیگر علاقوں میں اچانک عوامی سرگرمیوں اضافہ وائرس پھیلنے کا اہم سبب بنا ہے۔ بازاروں میں عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے اور سماجی فاصلہ اور ماسک کے استعمال جیسی شرائط کی کوئی پابندی نہیں ہے۔

عہدیداروں نے کورونا کے اضافہ کیلئے راست عوام کے تساہل اور لاپرواہی کو ذمہ دار قرار دیا۔ حکومت کی ہدایت کے باوجود اشیائے ضروریہ جیسے میٹ، چکن، کرانہ و ترکاری کی دکانات پر سماجی فاصلے کے بغیر ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حکومت کا کوئی محکمہ خاص طور پر پولیس کی جانب سے سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے کی کوئی مساعی نہیں کی گئی۔ ملک پیٹ، چارمینار، نلہ کنٹہ علاقوں میں ابتدائی تین مرحلوں میں وائرس کی شدت میں کمی آئی تھی لیکن کنٹینمنٹ زونس کی برخاستگی اور تجارتی سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ وائرس تیزی سے پھیلتا دکھائی دے رہا ہے۔ گذشتہ 10 دنوں میں شہر کی سڑکوں پر عام ٹریفک اور ہجوم دیکھا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تجارتی سرگرمیوں کی اجازت کے علاوہ حکومت کی جانب سے کورونا ٹسٹ میں کمی کے سبب حقیقی صورتحال منظر عام پر نہیں آرہی ہے۔ اسی دوران بیگم پیٹ، بی ایس مقطعہ ، اندرا نگر خیریت آباد و ایم ایل اے کالونی بنجارہ ہلز کے مکینوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ انکے علاقوں میں بخار کا سروے کیا جائے۔ خیریت آباد میں 8 اور ایم ایل اے کالونی میں 4 جبکہ بی ایس مقطعہ علاقہ میں ایک کیس حال میں منظر عام پر آیا۔ ان میں زیادہ تر ترکاری فروش و دیگر تاجر ہیں۔ علاقہ میں تاجروں بالخصوص ترکاری فروشوں میں کورونا پازیٹیو کے بعد مقامی افراد نے گھر گھر سروے کرکے بخار کا پتہ چلانے کی اپیل کی ہے۔