نئی دہلی، 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمانی حلقہ بدلے جانے سے ناراض مرکزی وزیر گری راج سنگھ بیگو سرائے سے ہی الیکشن لڑیں گے ۔ گری راج سنگھ اس وقت بہار کی نوادہ سیٹ سے ایم پی ہیں۔ ریاست میں جے ڈی یو اور ایل جے پی سے اتحاد کے تحت نوادہ سیٹ لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے کھاتے میں گئی ہے ۔ سنگھ کو بیگو سرائے سے بی جے پی کا ٹکٹ دیا گیا ہے اور وہ اس سیٹ سے الیکشن لڑنے کے خواہش مند نہیں ہیں لیکن بی جے پی صدر امیت شاہ نے بدھ کو کہا کہ گری راج سنگھ بیگو سرائے لوک سبھا سیٹ سے ہی پارٹی کے امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے ۔ امیت شاہ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ “گری راج سنگھ بہار کے بیگو سرائے سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گے ۔ ان کی ساری باتوں کو میں نے سنا ہے اور تنظیم ان تمام مسائل کا حل نکالے گی۔ میں انتخابات کیلئے ان کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں”۔