ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ ، جمعہ کے دن احتجاج کی عدم اجازت پر اعتراض
گلبرگہ ۔7؍ستمبر:(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رام گیری مہاراج ناسک مہاراشٹرا کی جانب سے پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ کی شان میںگستاخانہ بیان جاری کرنے کے خلاف گلبرگہ میںہفتہ کے دن کرناٹک مسلم پولٹیکل فورم ، انڈین یونین مسلم لیگ، ڈبلیو پی آئی ، ایس ڈی پی آئی اوردیگر تنظیموں کی جانب سے مسلم چوک گلبرگہ تا روضہ پولیس اسٹیشن ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ نوجوانوں نے اس احتجاجی مظاہرہ میں بڑی تعداد میں شرکت کی اور احتجاجیوںنے اس موقع پر انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ اس ضمن میں اس نے مسلمانوں کوجمعہ کے دن کسی قسم کا احتجاج کرنے کی اجازت نہیںدی۔ احتجاجیوں نے مطالبہ کیا کہ ملزم کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے اور سخت کاروائی کی جائے ۔احتجاجیوں نے ضلع انچارج وزیر اور ارکان اسمبلی گلبرگہ پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ مسلمانوں کی جانب سے کسی بھی قسم کے احتجاج کو پسند نہیں کرتے اور احتجاج کی اجازت دی بھی جاتی ہے تو بعد میں اس احتجاج کو پابندیاں عائد کرکے ناکام بنا دیا جاتا ہے۔جنتا پریوار کے صدر سراج شابدی، اقلیتی صدر اظہر مبارک، ایڈوکیٹ عبدالجبارگولہ ،صحافی عزیزاللہ سرمست، ،افضال محمود سیکریٹری کے ایم پی ایف، ،حبیب سرمست صدر نشین وقف مشاورتی کمیٹی ، گلبرگہ ، محمد معراج الدین، امتیاز صدیقی ، حیدر باغبان ، بشیر عالم،انڈین مسلم یونین مسلم لیگ کے دیگر قائیدین اور علماء کرام اس احتجاجی مظاہرہ میںشریک تھے۔