حیدرآباد31دسمبر( یو این آئی)نئے سال کی تقاریب منانے کے لئے جانے کے دوران پیش آئے خطرناک سڑک حادثہ میں چار افراد ہلاک ہوگئے ۔یہ حادثہ اے پی کے ضلع گنٹور کے لالہ پور کے قریب گنٹور۔چلکالوری پیٹ شاہراہ پر آج اس وقت پیش آیا جب تقریبا 160کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کار چلانے والے نے اس کا توازن کھو دیا جس کے نتیجہ میں یہ کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔اس کی رفتار اتنی تیز تھی کہ یہ کار ڈیوائیڈر کو ٹکر دینے کے بعد لاری کو پیچھے سے ٹکر دے دی۔اس حادثہ کے نتیجہ میں کار کو شدید نقصان ہوا اور کار ، لاری دونوں الٹ گئے ۔اس حادثہ میں مرنے والے افراد میں تین انجینئرنگ کے طلبہ بتائے جاتے ہیں۔اس حادثہ میں مزید تین افراد شدید زخمی بھی ہوئے ۔یہ تمام طلبہ بی ٹیک سال دوم کے تھے جو نئے سال کی تقاریب میں شرکت کے لئے وجئے واڑہ جارہے تھے ۔پولیس نے اپنی ابتدائی جانچ میں کہا کہ تیز رفتاری حادثہ کی اصل وجہ ہے ۔مرنے والوں کی شناخت دھنش ، سائی رام،کوٹیشور راؤ اور کپور کے طورپر کی گئی ہے ۔ان تمام کی عمر تقریبا20سال ہے ۔مزید تین زخمیوں کو علاج کیلئے جی جی ایچ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ اس حادثہ میں لاری ڈرائیور اورکلینر بھی زخمی ہوگئے ۔