گنیز ورلڈ ریکارڈ نے فیصل شفیع کے ریکارڈ کی توثیق کردی

   

سڈنی میراتھن میں پاکستانی خاتون رنز کا بھی شاندار مظاہرہ
نیویارک۔31؍اگست ( ایجنسیز)گنیز ورلڈ ریکارڈ نے سڈنی میراتھون میں فیصل شفیع کے ریکارڈ کی توثیق کردی۔کراچی کے فیصل شفیع نے لائٹ ملٹری یونیفارم میں تیز ترین میراتھون مکمل کرنے کا ریکارڈ بنایا ہے۔فیصل شفیع نے 3 گھنٹے 40 منٹ اور 13 سیکنڈز میں میراتھون مکمل کر کے ریکارڈ اپنے نام کیا۔فیصل شفیع نے کہا کہ یہ پاکستان کی مسلح افواج، ہمارے شہیدوں اور ہمارے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین موقع تھا، میں اسے کر کے بہت فخر محسوس کر رہا ہوں۔واضح رہے کہ سڈنی میراتھون میں کئی پاکستانی رنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔مجموعی طور پر 36 پاکستانی اور اوور سیز پاکستانیوں نے سڈنی میراتھن میں شرکت کی جن میں سے 16 نے سڈنی میراتھن میں 42 اعشاریہ 195 کلو میٹر کا فاصلہ 4 گھنٹے سے کم وقت میں مکمل کیا۔10 پاکستانی خواتین بھی سڈنی میراتھن کے دوران ایکشن میں تھیں، پاکستانی نژاد برطانوی خاتون رنر ہما رحمٰن نے 3 گھنٹے 38 منٹ میں، ناروے میں مقیم خولہ اینڈ 3 گھنٹے 52 منٹ اور ثمینہ خان نے 4 گھنٹے 10 منٹ 7 سکنڈز میں میراتھن مکمل کی۔راولپنڈی کی نیلاب کیانی نے سڈنی میراتھن 4 گھنٹے 10 منٹ 28 سیکنڈز میں مکمل کی۔مجموعی طور پر ایتھیوپیا کے ہیلیمریم کیروس نے سڈنی میراتھن میں پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ خواتین میں سیفان حسن نے کامیابی حاصل کی۔