گنیش منڈپ کے ذمہ داران پولیس کے احکامات پر عمل کریں

   

نوراتری کے ساتھ میلاد النبی ؐ بھی آپسی بھائی چارگی سے منائیں: ضلع ایس پی

میدک ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈی اودے کمار لیڈی آئی پی ایس نے کہا کہ 7 تاریخ سے پورے ضلع میں گنیش تہوار، نوراتری کے علاوہ عید میلاد النبی ؐ کو آپسی بھائی چارگی کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے کہا کہ گنیش منڈپم کے ذمہ داروں کو چاہئے کہ پولیس کی جانب سے لا اینڈ آرڈر کے استحکام کے لئے دی جانے والی پابندیوں پر ضرور عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ میدک ضلع بھائی چارگی کی ایک عمدہ مثال ہے۔ اسی طرح بھائی چارگی کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کریں۔ اپنے اپنے تہوار پرامن انداز میں ہمیشہ کی طرح منائیں۔ انہوں نے کہا کہ شب کے موقع پر منڈپوں پر کوئی نہ کوئی نمائندے کا ہونا ضروری ہے۔ پولیس بھی دوران پٹرولنگ ہر منڈپم کا معائنہ کرے گی۔ ضلع ایس پی اودے کمار نے کہا کہ 17 ستمبر کو منعقد ہونے والے گنیش وسرجن پولیس کے بتلائے ہوئے تالابوں پر ہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں کے منانے کے دوران اگر کچھ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو عوام کو چاہئے کہ افواہوں پر یقین نہ کرتے ہوئے ڈائل 100 پر کال کریں۔ اسی طرح کنٹرول روم کے نمبر 8712657888 یہ اطلاع دیں۔ ضلع ایس پی نے سوشل میڈیا کے اڈمنس کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ غیر ضروری جھوٹی خبریں پھیلاکر ماحول کو نہ بگاڑیں۔ ایسی صورت میں افواہیں پھیلانے پر مقدمات درج کرلئے جائیں گے۔ ضلع ایس پی میدک مندروں اور مساجد کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ اپنی عبادت گاہوں پر سی سی کیمرے نصب کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے چلائی جانے والی پولیس پروٹوکال ویب سائٹ میں کہا گیا کہ گنیش منڈپم کے منتظمین کو پولیس سے اجازت لینا ہوگا۔ پولیس کو گنیش کی اونچائی اور مقام وسرجن کے مقام سے آگاہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کم آواز والے اسپیکر ساؤنڈ سسٹم رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ساؤنڈ شپ 10 بجے تک ہی استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے سختی کے ساتھ کہا کہ ڈی جے ساؤنڈ نہ رکھیں۔