ریاست گوا چھوڑنے والے صنعت کاروں کو واپس لایا جائے گا ، ترنمول کانگریس کی کوئی اہمیت نہیں
پنجی: عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے چہارشنبہ کو دعویٰ کیا کہ گوا اسمبلی انتخابات کے بعد ان کی پارٹی بدعنوانی سے پاک پہلی حکومت بنائے گی۔کجریوال نے یہاں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ‘‘ایک مہینے کے اندر، لوگ حکومت کے کام کاج میں زبردست تبدیلی دیکھیں گے ۔’’ انہوں نے کہا کہ اہم سرکاری محکمے بے چہرہ ہوں گے اور خدمات عوام کی دہلیز پر دستیاب کرائی جائیں گی۔ کجریوال نے کہا کہ ریاست چھوڑنے والے صنعت کاروں کو واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پہلے بدعنوانی انتخابی مسئلہ نہیں تھا، لیکن اب یہ ان کی پارٹی (اے اے پی) کے میدان میں آنے کی وجہ سے ہوا ہے ۔دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیگر پارٹیوں میں بھی کئی اچھے لیڈر ہیں لیکن وہ گھٹن محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایسے لیڈروں کو پارٹی میں شامل ہونے کو کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر موقع دیا گیا تو آپ چھ ماہ کے اندر ریاست میں کانکنی دوبارہ شروع کر دے گی۔ کجریوال نے دعویٰ کیا کہ ترنمول کانگریس کے پاس ایک فیصد ووٹ بھی نہیں ہے اور اسی وجہ سے وہ اسے زیادہ اہمیت نہیں دے رہے ہیں۔دہلی کے وزیر اعلیٰ انتخابی ریاست گوا کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں تمام 40 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔