کورونا علاج کی سہولتوں اور سکریٹریٹ کی تعمیر پر بات چیت
حیدرآباد: چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آج راج بھون پہنچ کر گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی ۔ حکومت کی جانب سے محکمہ آبپاشی میں بڑے پیمانہ پر تبدیلیوں اور نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کے پس منظر میں یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے گورنر کو ریاست میں کورونا سے نمٹنے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے کورونا کی صورتحال پر بات چیت سے گورنر کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کل 7 ریاستوں کے چیف منسٹرس سے سیلاب اور کورونا کے حالات پر بات کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ کی قدیم عمارتوں کے انہدام اور نئے کامپلکس کی تعمیر کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ اطلاعات کے مطابق گورنر کوٹہ کے تحت مخلوعہ ایم ایل سی دو نشستوں کے بارے میں بات کی گئی۔ واضح رہے کہ کورونا سے نمٹنے کے مسئلہ پر گورنر نے حکومت کی کارکردگی کو غیر اطمینان بخش قرار دیا تھا۔ امید کی جارہی ہے کہ ملاقات کے بعد چیف منسٹر اور گورنر کے درمیان مختلف مسائل کے سلسلہ میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ ہوگا۔