سکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب …
امبیڈکر مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں مدعو نہ کرنے پر گورنر ناراض
حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے سیکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب میں گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن کو مدعو کیا جائے گا؟! حکومت اور گورنر کے درمیان جاری رسہ کشی کے دوران بھارت راشٹر سمیتی اور سرکاری حلقوں میں اس بات پر مباحث جاری ہیں کہ 30اپریل کو سیکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب میں گورنر کو مدعو کیا جائے یا نہیں! بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے امبیڈکر کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی تقریب میں گورنر کو مدعو نہ کئے جانے پر گورنر تمیلی سائی سوندراراجن نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور کہا کہ ریاست تلنگانہ میں پروٹوکول کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور انہیں امبیڈکر کے مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں مدعو کیا جاتا تو وہ اس تقریب میں ضرور شرکت کرتیں ۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری محترمہ سانتی کماری نے ریاستی حکومت کو روانہ کردہ سرکاری مدعوین کی جو فہرست روانہ کی ہے اس فہرست میں پروٹوکول کے اعتبار سے گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرراجن کا نام شامل ہے لیکن چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کا اختیار ہے کہ وہ اس تقریب کے مدعوین کے متعلق فیصلہ کریں لیکن محکمہ پروٹوکول نے اپنی سفارشات حکومت کو روانہ کردی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر اور گورنر کے درمیان جاری ناراضگی اور سپریم کورٹ میں مقدمہ کو نظر میں رکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے سیکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب میں گورنر کو نظرانداز کیا جاسکتا ہے ۔ بھارت راشٹر سمیتی کے بعض قائدین کا کہناہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سیکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب میں گورنر کو مدعو کیا جائے گا کیونکہ ماہ مئی کے آخری ہفتہ میں بھارت راشٹرسمیتی کے دو ارکان قانون ساز کونسل جناب محمد فاروق حسین اور مسٹر ڈی راجیشور راؤ کی 6سالہ معیاد مکمل ہونے جا رہی ہے اور اس معیاد کی تکمیل سے قبل ریاستی حکومت کو ان کی جگہ ارکان قانون ساز کونسل کے انتخاب کا عمل مکمل کرنا ہے اورگورنر کوٹہ کے ارکان کے انتخاب کے معاملہ میں ریاستی حکومت کو گورنر سے تعلقات کو بہتر رکھنا ضروری ہوگا اسی لئے حکومت کی جانب سے کشیدگی میں کمی لانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔م