پینٹنگ کی غیرمعمولی صلاحیت پر ہرممکن تعاون کا تیقن
حیدرآباد 25 جولائی (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے فلورسیس سے متاثرہ ایک لڑکی کو 3 پہیوں کی موٹر سائیکل بطور عطیہ پیش کی۔ نلگنڈہ کے مری گوڑہ منڈل سے تعلق رکھنے والی رماوت سورنا نامی لڑکی اُس وقت گورنر کی توجہ کا مرکز بنی تھی جب اُس نے ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کا پورٹریٹ پینٹنگ سے تیار کیا تھا۔ این آر آئی جلگم سدھیر نے یہ پورٹریٹ ٹوئٹر پر گورنر کو ٹیگ کیا تھا۔ اُنھوں نے پورٹریٹ تیار کرنے والی اس لڑکی کے حالات سے گورنر کو واقف کرایا۔ لڑکی کی پینٹنگ کی صلاحیتوں سے متاثر ہوکر گورنر نے مدد دینے کا فیصلہ کیا۔ فلورسیس سے متاثرہ ہونے اور انتہائی غریب خاندان سے تعلق کے باوجود پینٹنگ کی صلاحیت کو گورنر نے سراہا۔ گورنر نے لڑکی اور اُن کے والدین کو راج بھون مدعو کیا۔ گورنر نے سابق آئی پی ایس عہدیدار کاشی ناتھ گوڑ کی یاد میں اُن کے افراد خاندان کی جانب سے ڈیزیبل فاؤنڈیشن کے ذریعہ 3 پہیوں والی موٹر سائیکل حوالے کی گئی۔ ڈاکٹر بی وجئے بھاسکر گوڑ فاؤنڈیشن کے صدرنشین ہیں۔ گورنر نے معذور لڑکی اور اُن کے افراد خاندان کے لئے راج بھون میں لنچ کا اہتمام کیا اور لڑکی کو پینٹنگ کے شعبہ میں مزید آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔ گورنر نے اِس سلسلہ میں ہرممکنہ مدد کا یقین دلایا اور کہاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ پینٹنگ بھی جاری رکھی جائے۔ قبل ازیں کلکٹر نلگنڈہ نے گورنر کے مشورہ پر سورنا کو ہرممکنہ مدد کا تیقن دیا۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے آنجہانی کاشی ناتھ گوڑ کے افراد خاندان کی ستائش کی جو فاؤنڈیشن کے ذریعہ معذور افراد کی مدد کررہے ہیں۔ اِس موقع پر فاؤنڈیشن کے ذمہ دار موجود تھے۔