گورنمنٹ اردو میڈیم اسکول چنتل کے طلبہ خانگی اسکولوں سے کم نہیں

   

کئی سالوں سے دسویں کے شاندارنتائج کی ستائش ، بڈی باٹا پروگرام سے ڈپٹی مئیر ورنگل رضوانہ شمیم کا خطاب

ورنگل ۔ گورنمنٹ ہائی اسکول اردو میڈیم چنتل ورنگل میں بڈی باٹا پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے ڈپٹی میر گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن محترمہ رضوانہ شمیم مسعود نے کہا کہ تعلیمی شعبہ میں تلنگانہ ریاست ترقی کر رہی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں اردو زبان کو دوسری سرکاری زبان کی حیثیت دی ہے ۔ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے ریسیڈنشیل اسکول کا ریاست بھر میں جال بچھایا گیا ۔ جس سے ہزاروں کی تعداد میں مسلم بچے اعلی معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔انہوں نے بلدی حلقہ 36 کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے خاص طور پر بڈی باٹا پروگرام اردو میڈیم چنتل میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے اردو میڈیم چنتل کا دسویں جماعت میں اعلی نشانات حاصل کرتے ہوئے ضلع ورنگل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔ اردو میڈیم ایس ایس سی میں ضلع بھر میں زیادہ نشانات سے کامیابی حاصل کرنے پر گذشتہ میں الفیضان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کی جانب سے جناب عابد علی خان بانی روزنامہ سیاست کے نام سے موسوم عابد علی خان گولڈ کوائن اور نقد انعامات سے اس اسکول کی طالبات کو نوازا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اردو میڈیم اسکول میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد میں تعلیم حاصل کرنا خوش آئند بات ہے ۔ اس گورنمنٹ اردو میڈیم کے طلبہ کسی بھی پرائیویٹ اسکول کے طلبہ سے کم نہیں ہیں ۔ انہوں نے ہر سال اسکول کے شاندار نتائج پر اساتذہ کی ستائش کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی مئیررضوانہ شمیم مسعود کے علاوہ استاذہ محترمہ منہاج سلطانہ ، محترمہ نصرت صبیحہ ، محترمہ تبسم سلطانہ ، محمد معشوق ربانی ، عبدالستار ، محمد شرف الدین محمودی اور دیگر اساتذہ اولیائے طلبہ و دیگر کی کثیر تعداد شریک تھی ۔