گولکنڈہ میں شوہر کا بیوی پر قاتلانہ حملہ

   

حیدرآباد ۔ /6 مارچ (سیاست نیوز) ویسے تو شہر حیدرآباد میں قتل ، رہزنی اور سڑک حادثات کے کئی واقعات رونما ہورہے ہیں لیکن آج کل جرائم کا ایک نیا رجحان شہر میں دیکھا جارہا ہے جس میں شوہر کی جانب سے بیوی کا قتل کیا جارہا ہے ۔ منگل کی شب صلالہ بارکس میں بیوی کا بہیمانہ طور پر قتل کئے جانے کے اندرون 12 گھنٹے بعد گولکنڈہ علاقہ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص نے بیوی پر قاتلانہ حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا ۔ تفصیلات کے بموجب گولکنڈہ قاضی گلی کی ساکن 24 سالہ روہینا بیگم کی شادی 4 سال قبل محمد ریاض احمد سے ہوئی تھی اور میاں بیوی آئے دن معمولی سی باتوں پر جھگڑا کیا کرتے تھے ۔ گزشتہ ہفتہ روہینا بیگم کی نند سسرالی مکان آئی تھی جہاں پر دونوں کا زبردست جھگڑا ہوا تھا ۔ ریاض احمد نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں اپنے سسرالی مکان پہونچ کر روہینا بیگم پر قاتلانہ حملہ کردیا اور اس کی ماں کو بھی زخمی کردیا ۔ اس واقعہ میں روہینا بیگم کی گردن پر گہرا زخم آیا اور اس کے رشتہ داروں نے علاج کیلئے دواخانہ منتقل کیا جہاں پر اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ سب انسپکٹر گولکنڈہ ستیش ریڈی نے کہا کہ روہینا بیگم کے بھائی محمد احمد ساکن سعادت نگر کی شکایت موصول ہونے پر ریاض احمد پر اقدام قتل کا ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔