گولکنڈہ و حبیب نگر میں روڈی شیٹرس کو انتباہ

   

بعد از خرابی بسیار ……..
حیدرآباد /11 جون، ( سیاست نیوز) شہر کے ویسٹ زون میں روڈی و غنڈہ عناصر کے خلاف پولیس نے شکنجہ کسنا شروع کردیا ہے اور گولکنڈہ و حبیب نگر پولیس کے روڈی عناصر کے تعاقب میں جُٹ گئی ہے۔ تمام روڈی شیٹرس کو وقفہ وقفہ سے پولیس اسٹیشن طلب کرکے ان کی سرگرمیوں کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ لنگر حوض دوہرے قتل اور گولکنڈہ حدود میں قتل کی وارداتوں کے بعد پولیس نیند سے جاگی ہے۔ گولکنڈہ پولیس نے روڈی عناصر کے خلاف سخت اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور ایسے روڈی شیٹرس جو کسی بہانے سے پولیس اسٹیشن رجوع نہیں ہورہے ہیں ان کا تعاقب کیا جارہا ہے اور عملاً روپوشی اختیار کرنے والے روڈی شیٹرس کو پابند کردیا گیا ہے۔ ان دونوں پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں روڈی شیٹرس کی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور جرائم کی دنیا میں مصروف روڈی شیٹرس ان حدود میں پائے جاتے ہیں۔ اس سلسلہ میں گولکنڈہ انسپکٹر چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ کسی روڈی کو غیر سماجی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان روڈی شیٹرس کے سبب عام شہریوں میں خوف پیدا ہوتا جارہا ہے اور پولیس اس کو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گولکنڈہ کے تمام روڈی شیٹرس کو ان حدود میں رہنا ہوگا بصورت دیگر پولیس سخت قانونی کارروائی کریگی۔ ان حدود کے روڈی شیٹرس سیٹلمنٹ و اراضیات کے کئی معاملات میں سرگرم رول ادا کرنے کی پولیس کو اطلاعات حاصل ہورہی ہیں۔ بالآخر پولیس نے نیند سے جاگتے ہوئے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔