اقوام متحدہ، 28 ستمبر (یو این آئی) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گتیرس نے یمن میں اسرائیل اور حوثی گروپ کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کی مذمت کی ہے ۔ مسٹر گتیرس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں یہ بات بتائی۔ دوجارک نے بیان میں کہا کہ سکریٹری جنرل نے خطے کی کشیدگی میں اضافے کے خطرے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور تمام فریقوں سے انتہائی تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسٹر گتیرس نے تمام فریقوں کو اپنی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے مطابق ہر وقت شہریوں کا احترام اور تحفظ کو یقینی بنائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی گروپ نے بدھ کے روز اسرائیلی شہر ایلات پر ڈرون حملہ کیا جس میں مبینہ طور پر 20 افراد زخمی ہوئے اور جمعرات کے روز اسرائیل نے یمنی دارالحکومت صنعاء پر فضائی حملہ کیا جس میں مبینہ طور پر بچوں سمیت کم از کم نو افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوئے ۔