کمپنی سے 11 سو افراد کو روزگار کے مواقع ، کے ٹی آر کی جانب سے خیر مقدم
حیدرآباد :۔ تلنگانہ میں ایک اور مشہور ٹیکسٹائیل کمپنی سرمایہ کاری کرنے کے لیے آگے آئی ہے ۔ ملک میں ریڈی میڈ کپڑے تیار کرنے والی گوکل داس کمپنی نے تلنگانہ میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کے لیے آج پرگتی بھون میں ریاستی وزیر ٹیکسٹائیل کے ٹی آر کی موجودگی میں محکمہ جات صنعت اور آئی ٹی کے عہدیداروں کے ساتھ گوکل داس کمپنی نے ایک معاہدہ کیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے سرسلہ کے پدور موضع میں 65 ایکڑ اراضی اپارل پارک قائم کیا ہے ۔ جہاں سے گوکل داس اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرے گی ۔ اس اپارل پارک میں حکومت کی جانب سے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ آج گوکل داس امیجس کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر سُمیر ہندوجا نے کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی سرمایہ کاری کرنے کی منصوبہ بندی سے واقف کرایا ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے کمپنی قائم کرنے پر تقریبا 1100 افراد کو روزگار ملے گا جس میں 75 فیصد خواتین ہوں گی ۔ سرسلہ کے اطراف و اکناف رہنے والے مواضعات کی خواتین کو تلنگانہ حکومت کے ساتھ مل کر ضرورت کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی ۔ ان کی کمپنی چار دہوں سے اپارل شعبہ میں خدمات انجام دے رہی ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا ہے ۔ جس کی وجہ سے یہاں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان کی کمپنی عالمی سطح کے برانڈس کو اپنے کپڑے سربراہ کرتی ہے ۔ سرسلہ میں قائم ہونے والی فیکٹری سے امریکہ اور یوروپ کے مشہور برانڈس کو کپڑے روانہ کئے جائیں گے ۔ وزیر ٹیکسٹائیل کے ٹی آر نے گوکل داس کمپنی کی جانب سے تلنگانہ میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کرنے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے ترجیحی شعبوں میں ٹیکسٹائیل کو شامل کیا ہے ۔ ریاست میں صنعتوں کے قیام کے لیے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے تربیت فراہم کرنے کے لیے بھی حکومت پوری طرح تیار ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں ٹیکسٹائیل صنعت کو کپڑوں کی تیاری میں کافی اہمیت تھی اب اس کمپنی کے ذریعہ ریڈی ٹو ویر ، ریڈی میڈ گارمنٹس صنعت قائم ہونے جارہی ہے اس کمپنی کے قیام کے بعد مزید کمپنیاں تلنگانہ کا رخ کریں گی ۔۔