گوہاٹی میں کرفیو کے باوجود احتجاج جاری

,

   

گوہاٹی۔13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ریاست آسام کے شہر گوہاٹی میں احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ حالانکہ حکام کی جانب سے وسیع پیمانے پر گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں۔ تاہم احتجاجیوں نے تمام اہم شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کررکھی ہیں جس کی وجہ سے گوہاٹی اور اطراف و اکناف میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ گزشتہ روز پولیس نے احتجاجیوں پر فائرنگ کردی تھی جس میں تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ تاہم احتجاجیوں نے اپنے احتجاج کو بدستور جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک مقامی احتجاجی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ وہ کسی بھی حال میں آسام میں شہریت ترمیمی بل کو نافذ نہیں ہونے دے گا اور سی اے بی کے خلاف اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا جب تک کہ حکومت اس متنازعہ بل کو واپس نہ لے۔ شہر میں احتجاج کے سبب ایرپورٹ، بس ٹربیونلس اور ریلوے اسٹیشنوں پر بدستور خاموشی چھائی ہوئی ہے اور مسافرین کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ حالانکہ عوام میں اعتماد بحال کرنے کے لیے فوج نے متاثرہ علاقوں میں فلاگ مارچ بھی کیا ہے تاہم احتجاجی اب اہم شاہراہوں سے ہٹ کر گلی کوچوں سے اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہے۔