سری نگر:پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کو بدنام کرنے کے لئے جان بوجھ کر بدگمانیاں پھیلائی جار ہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی اے جی ڈی سے دلی کی ٹانگیں لڑ کھڑا رہی ہیں لہذا آنے والے دنوں میں بدگمانیوں کی اس مہم میں مزید شدت لائی جائے گی۔ان کا کہنا ہے کہ پی ڈی پی کے ساتھ کی جانے والے سختیوں سے ہمارا حوصلہ پست نہیں ہوگا۔موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو اپنے ٹویٹر ہینڈل پر چند ٹویٹس میں کیا۔ان کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘ پیپلز الاینس برائے گپکار اعلامیہ سے متعلق غیرضروری قیاس آرائیوں کے بیچ ،میں کچھ چیزوں کو واضح کرنا چاہتی ہوں ۔اس عظیم اتحاد کا مقصد چھوٹے انتخابی فائدے نہیں بلکہ یہ اتحاد ایک بڑے مقصد کے لئے محو جدوجہد ہے یعنی جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی۔انھوں نے کہا کہ پی اے جی ڈی کا بی جے پی اور ان کے ہمنواؤں کو جمہوری اداروں پر قابض ہونے سے دور رکھنے کا مقصد پورا ہوا ہے ۔انہوں نے اس ضمن میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ پی اے جی ڈی کو بدنام کرنے کے لئے جان بوجھ کر بدگمانیاں پھیلائی جا رہی ہیں کیونکہ عوام نے ڈی ڈی سی انتخابات میں بھاری اکثریت سے ہمیں ووٹ دیا۔ بی جے پی اور ان کے ہمنواؤں کو جمہوری اداروں پر قابض ہونے سے دور رکھنے کا ہمارا مقصد پورا ہوا۔