حیدرآباد ۔7۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے وقار آباد اسمبلی حلقہ سے منتخب جی پرساد کمار کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے طور پر منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہائی کمان نے ریونت ریڈی اور ان کی کابینہ کے 11 وزراء کے علاوہ اسپیکر اسمبلی کے طورپر گڈم پرساد کمار کے نام کا اعلان کیا۔ پرساد کمار کا شمار ریونت ریڈی کے بااعتماد رفقاء میں ہوتا ہے۔ وہ 2012 ء میں این کرن کمار ریڈی کابینہ میں ٹیکسٹائلز کے وزیر تھے ، ان کا تعلق ایس سی طبقہ سے ہے اور کانگریس نے دلتوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے انہیں اسپیکر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسمبلی میں نو منتخب ارکان کی حلف برداری کی تکمیل کے بعد نئے اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ پارٹی نے اسپیکر کے عہدہ کا پیشکش ڈی سریدھر بابو کو کیا تھا لیکن انہوں نے اسپیکر بننے سے انکار کردیا۔ ان کے والد آنجہانی ڈی سری پد راؤ متحدہ آندھراپردیش میں اسمبلی کے اسپیکر تھے۔ گڈم پرساد کمار اسمبلی میں پوچارم سرینواس ریڈی کے جانشین ہوں گے ۔