کانسٹبل محمد نذیر الدین شدید زخمی، ملزمین کیخلاف مقدمہ درج
حیدرآباد : /2 جولائی (سیاست نیوز) گھوڑے کے سرقہ کیس میں ملوث ملزمین کی گرفتاری کیلئے مکان پہنچنے پر پولیس کی ٹیم پر حملہ کردیا گیا ۔ یہ واقعہ بھوانی نگر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس کانسٹبل محمد نذیر الدین گھوڑے کے سرقہ کیس کے ملزم محمد خضر کو گرفتار کرنے کیلئے اس کے مکان واقع جاوید نگر بھوانی نگر پہنچے تھے ۔ خضر نے چھوٹا برج چادر گھاٹ سے درخواست گزار ابراہیم کا گھوڑا سرقہ کیا تھا اور اس سلسلہ میں پولیس چادر گھاٹ نے سرقہ کا مقدمہ درج کیا تھا ۔ گھوڑے کو علاقہ بالاپور میں چھپاکر رکھنے کی اطلاع ملنے پر چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن کے کانسٹبل محمد نذیرالدین بھوانی نگر پہنچے تھے کہ خضر اور اس کے 7 رشتہ داروں نے ان پر قاتلانہ حملہ کردیا ۔ اس واقعہ میں کانسٹبل نذیر الدین شدید زخمی ہوگئے ۔ چونکہ حملہ آور آہنی سلاخوں اور چاقو سے حملہ کیا اور پولیس ٹیم کا بہت دور تک تعاقب کیا ۔ اس حملہ کے بعد پولیس کانسٹبل محمد نذیرالدین نے انسپکٹر بھوانی نگر پولیس اسٹیشن محمد امجد علی سے شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خضر اور اس کے رشتہ داروں کے خلاف اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔