ادے پور : راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے آج یہاں کنہیا لال کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے انہیں تسلی دی۔اس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں مسٹر گہلوت نے کنہیا لال کے قتل معاملے کو گھناؤنا جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملے کو فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلانے کی کوشش کریں گے اور مجرموں کو ایک ماہ کے اندر پھانسی کی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ این آئی اے نے معاملے کو اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور وہ اس کے تمام پہلوؤں کی جانچ کرے گی، ہم تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری پولیس نے بہتر کام کیا ہے اور مجرموں کو فوری گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ راجندر یادو، ریاستی صدر گووند سنگھ دوٹاسارا بھی موجود تھے ۔اس کے بعد گہلوت مہارانا بھوپال اسپتال پہنچے جہاں کنہیا لال پر حملے کے وقت زخمی ہوئے ایشور سنگھ سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ایشور سنگھ کی سیکورٹی بڑھانے کی بھی ہدایات دیں۔