گیانواپی معاملے میں اے ایس آئی سروے پر پابندی برقرار

   

نئی دہلی: اترپردیش کے ضلع وارانسی میں واقع گیانواپی مسجد احاطے کا آرکائیولاجیکل سروے آف انڈیا سے سروے کرانے پر 30ستمبر تک روک لگانے کے الہ آباد ہائی کورٹ نے اپنے سابقہ فیصلے کو کل سماعت کے بعد برقرار رکھا۔جج جسٹس پرکاش پاڈیا کی سنگل بنچ نے عرضی گذار انتظامیہ مساجد کمیٹی وارانسی کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ دیا۔ اس معاملے میں دونوں فریقین کو سننے کے بعد عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مقدمے کے مدعین میں شامل اے ایس آئی کی جانب سے عدالت میں کوئی نمائندہ حاضر نہیں ہوا ہے۔جسٹس پاڈیا نے کہا کہ اے ایس آئی کی جانب سے عدالت کے سامنے ایک مختصر حلف نامہ پیش کیا گیا۔ محض ڈھائی صفحہ کے اس حلف نامے کو عدالت نے پوری طرح غیر واضح قرار دیتےہوئے اے ایس آئی کے ڈائرکٹر جنرل کو اس معاملے میں 10دن کی مدت میں ذاتی طور پر ایک حلف نامہ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔