تہران: ایران کے دارالحکومت تہران میں گیس کے اخراج سے ہونے والے دھماکے میں تین منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے ایک خاتون ہلاک اور 19 دیگر زخمی ہو گئے ۔ایران نیوز ایجنسی آئی ایس این اے نے یہ رپورٹ دی۔آئی ایس این اے نے تہران ڈیزاسٹر مٹیگیشن اینڈ منیجمنٹ آرگنائزیشن کے چیئرمین علی ناصری کے حوالے سے بتایا کہ تہران کے ضلع 20 میں پیر کی صبح گیس کے اخراج سے ہونے والے دھماکے میں کئی خستہ حال عمارتوں اور کاروں کو بھی نقصان پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ میں ایک 75 سالہ خاتون ہلاک اور 19 افراد زخمی ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ، زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے ۔تہران کے فائر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ قدرت اللہ محمدی نے بتایا کہ پانچ اسٹیشنوں کے فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچے اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ امدادی کارکنوں نے 12 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔