گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلہ سے دستبرداری کا مطالبہ

   

میدک ایکس وے پر احتجاج، رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی کا خطاب

میدک۔ ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے عوام کی ترقی اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے کئی ایک اختراعی و امدادی اسکیمات روبہ عمل لائی گئی ہیں۔ لیکن مرکز کی بی جے پی حکومت 13 ریاستوں میں موجود ہے لیکن کسی بھی ریاست میں کوئی امدادی یا فلاحی اسکیمات موجود نہیں ہیں۔ بی جے پی حکومت نے پکوان گیس اور ایندھن کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کرنا اپنا وطیرہ بنایا ہے۔ ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی نے میدک کے ہییڈ پوسٹ آفس ایکس وے پر حالیہ اضافہ کی گئی پکوان گیس کی قیمتوں کے خلاف ٹی آر ایس کی جانب سے منظم کردہ احتجاجی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلہ کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکز کی بی جے پی حکومت کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ پدما ریڈی نے کہا کہ بی جے پی مرکزمیں 2014 میں اقتدار میں آئی تھی اس وقت پکوان گیس کی قیمت 410 روپئے تھی جو اب اضافہ ہوتے ہوئے 1105 روپئے ہوگئی ہے۔ اس احتجاج میں ہیڈ پوسٹ آفس ایکس وے پر پدما دیویندر ریڈی کے ہمراہ پارٹی کی خواتین نے لکڑیوں پر پکوان کرنے کے علاوہ خالی گیس سلینڈرس کو درمیان میں رکھتے ہوئے احتجاجی طور پر بتکماں کھیلا۔ نیو بس اسٹیشن سے ہوتے ہوئے جائے احتجاج تک ایک ریالی بھی نکالی گئی۔ اس احتجاج میں صدرنشین بلدیہ چندراپال، نائب صدرنشین ملیکارجن گوڑ، پارٹی قائدین مسرز راگی اشوک، ایم گنگادھر، لنگا ریڈی، سید عمر محی الدین، ایم اے مجیب، وسنت راج ، جئے راج اور دیگر نے شرکت کی۔