دوبارہ امتحان انعقاد کرنے کی ہدایت، ٹی ایس پی ایس سی ڈیویژن
بنچ نے رجوع ہونے پر غور کررہی ہے
حیدرآباد ۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے پھر ایک مرتبہ گروپ I پریلمینری امتحان کو منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ امتحان کا انعقاد کرنے کا تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی ہے۔ جملہ 503 گروپ I جائیدادوں پر تقررات کیلئے ٹی ایس پی ایس سی نے جاریہ سال 11 جون کو گروپ I پریلیمنری امتحان کا انعقاد کیا تھا جس میں ریاست بھر سے 2.32 لاکھ امیدواروں نے شرکت کی۔ تاہم کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کے علاوہ دوسرے امیدواروں نے امتحان میں بائیومیٹرک تفصیلات حاصل نہ کرنے ہال ٹکٹ نمبر کے بغیر او ایم آر شیٹس دینے پر اعتراض کرتے ہوئے ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے اور امتحان منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ درخواستوں کی سماعت کرنے کے بعد ہائیکورٹ کی بنچ نے گروپ I پریلیمنری امتحان کو منسوخ کردیا۔ ساتھ ہی دوبارہ امتحان کا انعقاد کرنے کی تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی۔ واضح رہیکہ پیپر افشاء ہونے کے بعد پہلے بھی ایک مرتبہ گروپ I امتحان منسوخ ہوا تھا۔ دوسری مرتبہ کمیشن نے گروپ I پریلیمنری امتحان کا انعقاد کیا تھا، ہائیکورٹ کی سنگل بنچ نے امتحان کو منسوخ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلہ کا ماہرین قانون کی موجودگی میں جائزہ لے رہی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کمیشن ہائیکورٹ کے ڈبل بنچ سے رجوع ہونے کا جائزہ لے رہی ہے۔ توقع کی جارہی ہیکہ کمیشن پیر کو اپیل داخل کرے گی۔ن