ہائی کورٹ نے ہریش راؤ کو آج ونپرتی میں جلسہ کی اجازت دے دی

   

حیدرآباد ۔8 ۔ اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ہریش راؤ کے دورہ ونپرتی کو ہائی کورٹ کی اجازت حاصل ہوچکی ہے ۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس نے ونپرتی میں ہریش راؤ کے دورہ اور جلسہ عام کی اجازت نہیں دی تھی۔ ونپرتی کے دورہ کے سلسلہ میں ہریش راؤ نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ پولیس کے احکامات کو کالعدم کردیا اور کل 9 اپریل کو ہریش راؤ کے جلسہ عام کی اجازت دے دی ۔ ونپرتی میں گولاپلی ذخیرہ آب کی تعمیر کی مخالفت کرتے ہوئے کسان احتجاج کر رہے ہیں۔ کسانوں سے اظہار یگانگت کیلئے ہریش راؤ کل دورہ کرنے والے ہیں ۔ پولیس نے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بگڑنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے جلسہ کی اجازت نہیں دی۔ ہریش راؤ نے اپنی درخواست میں کہا کہ جمہوریت میں احتجاج کا اختیار حاصل ہے۔ درخواست گزار کے وکیل کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے جلسہ عام کی انعقاد کی اجازت دے دی تاہم امن و ضبط کی برقراری کا مشورہ دیا۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کا بی آر ایس قائدین اور کسانوں نے خیرمقدم کیا۔1/K