ہارن کے بجائے سائرن بجانے والے گاڑی مالکین کے خلاف سخت کارروائی

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں اب موٹر گاڑیوں سے سائرن کی آواز مالکین کے لیے مہنگی ثابت ہوگی ۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے ذریعہ ہارن کے بجائے سائرن بجانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک حیدرآباد مسٹر سدھیر بابو نے شہریوں کو سائرن اور ماڈیفائیڈ ہارن بجانے سے سخت منع کیا ہے اور ایسی حرکت کرنے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ہے ۔ سوائے پولیس ، ایمبولنس ، ریسکو آپریشن ٹیم موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ اور فائر ڈپارٹمنٹ کے علاوہ کسی کو بھی سائرن بجانے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اکثر اس بات کی شکایتیں حاصل ہورہی تھیں کہ عام شہری ٹریفک میں ماڈیفائیڈ سائرن اور ایمرجنسی سائرن ، پولیس فائر اور ایمبولنس گاڑیوں جیسے سائرن بجا رہے ہیں ۔ شہریوں کی ایسی حرکت کے خلاف شعور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا اور اس دوران 1398 مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ اگر کسی گاڑی سے اس طرح کے سائرن کی آواز سنائی دیتی ہے تو پولیس کو اس کی اطلاع دیں ۔ پولیس کی جانب سے شکایت کرنے والے کی شناخت کو مکمل راز میں رکھا جائے گا ۔ شہری اس نمبر پر 9010203626 پر اطلاع دے سکتے ہیں ۔۔ ع