ہانگ کانگ، 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حامیوں کے مظاہرے کے دوران اتوار کی رات بھڑکے تشدد میں 15 پولیس افسر زخمی ہو گئے اور سات خواتین سمیت 36 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے سرکاری ویب سائٹ پر پیر کو بیان جاری کر کہا کہ کچھ سخت گیر مظاہرین نے سڑک اور سرنگ کو جام کر کے بند کر دیا اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچایا ۔ ساتھ ہی موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں پر پٹرول بم، اینٹوں اور دیگر مہلک اشیاء پھینکنا شروع کیں جس سے 15 افسر زخمی ہو گئے ۔ اس سے قبل ہانگ کانگ پولیس نے اتوار کو سوین وان میں منعقدہ احتجاج کے سلسلے میں این او سی ( نو ابجیکشن سرٹیفیکیٹ) جاری کی تھی ۔ کچھ مشتعل مظاہرین نے پہلے سے طے شدہ شاہراہ سے ہٹ کر دوسری شاہراہ پر جا کر تشدد کا راستہ اپنا لیا۔ مقامی وقت کے مطابق 7 بجکر 40 منٹ پر بنیاد پرست مظاہرین کے ایک گروہ نے ژی پیئی کی چوک پر واقع دکانوں اور تفریحی مقامات پر توڑ پھوڑ شروع کر دی ۔ مظاہرین مہلک ہتھیاروں کے ساتھ وہاں موجود پولیس اہلکاروں سے بھی گتھم گتھا ہو گئے ۔
