نئی دہلی۔25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں قہر ڈھانے والے مہلک کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے ملتوی کر دیے گئے ٹوکیو اولمپک کے بعد ہاکی انڈیا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مرد اور خاتون ہاکی ٹیم کے کوچ کے ساتھ مل کر دونوں ٹیموں کا نیا ٹرینگ پروگرام طے کرنے پر کام کرے گا۔ہاکی انڈیا کے صدر محمد مشتاق احمد نے کہاکہ ہم نے دونوں ٹیموں کے کوچز کو ٹوکیو اولمپک کے ملتوی کئے جانے کی جانکاری دے دی ہے ۔ یقینی طور پر یہ بدقسمتی کی بات ہے لیکن اس خطرناک وبا سے مکمل عالم متاثر ہوا ہے ۔ اولمپکس کے منسوخ کئے جانے سے ہمارا مقصد تبدیل نہیں ہوگا اور اولمپک میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ہم ہندوستانی اولمپک یونین اور وزارت کھیل کے ساتھ مل کرکام کرتے رہیں گے ۔ قابل ذکر ہے کہ میزبان ملک جاپان اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے باہمی تبادلہ خیال کرنے کے بعد ٹوکیو اولمپک کے لیے2021 تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔خواتین اور مرد ٹیمیں فی الحال بنگلور میں واقع اسپورٹس اتھارٹی آف اندیا (سائی ) کمپلمس میں ان کی ٹرینگ چل رہی تھی۔ سائی کے ساتھ بات چیت کے بعد دونوں ٹیموں کے کوچز کے ساتھ ملاقات کی جائے گی جس میں پریکٹس اور آگے کے پروگرام کو لے کر حکمت عملی بنائی جائے گی۔ ہندوستان کی دونوں ٹیموں نے گزشتہ سال نومبر میں اولمپک کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ہندوستانی ہاکی مرد ٹیم کے کوچ گراہم ریڈ نے کہاکہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ اولمپکس کا انعقاد2020 میں نہیں ہو گا لیکن دنیا میں موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے یہ ضرورت اور سمجھے جانے والا فیصلہ ہے ۔